دلکش اسلامک سینٹر مالیگاؤں کی معرفت غریب بچوں میں نئے کپڑے وتعلیمی لوازمات کی تقسیم

دلکش اسلامک سینٹر کی معرفت غریب بچوں میں نئے کپڑے و تعلیمی لوازمات کی تقسیم

دلکش اسلامک سینٹر کے تنویر احمد سراج احمد و اہلِ خانہ کی جانب سے پوار واڑی و سائتر پاڑہ کی ضلع پریشد اسکول کے تقریباً 150 غریب طلباء و طالبات اور بچوں میں نئے کپڑے و تعلیمی لوازمات کی تقسیم کا قابلِ تقلید کام انجام پزیر ہوا۔ دلکش اسلامک سینٹر اور "دلکش مہندی کون" فرم کے روح رواں تنویر احمد یہ کام کئی سالوں سے کرتے آ رہے ہیں غریب و ضرورت مند معصوم بچوں کے چہروں پر خوشی و مسکراہٹ بکھیرنے والے تنویر احمد گزشتہ کئی سالوں سے مسلسل اپنے ذاتی مکان، دھوبی گلی، انجمن چوک مالیگاؤں میں "دلکش اسلامک سینٹر" کے ذریعے غریب بچوں کو فری ٹیوشن بھی دلوا رہے ہیں تعلیم سے دلچسپی رکھنے والے غریب بچوں کو جو ٹیوشن کی فیس بھرنے کے اہل نہیں ہوتے انہیں اپنی جیب خاص سے چند معلمات کو معقول تنخواہ پر رکھ کر ٹیوشن دلوا رہے ہیں ساتھ ہی ساتھ مختلف ہنر سے بھی بچوں کو ہنر مند بنانے کی کوشش میں خاموشی سے سرگرم عمل ہیں۔ اسی کے ساتھ ساتھ گاہے بگاہے مضافات کے غریب بچوں میں بلا تفریق مذہب تعلیمی لوازمات (بستہ قلم بیاض) کپڑے جوتے چپل کھلونے  اور انکے والدین کے لیے گھریلو اشیاء بھی تحفتاً دیتے رہتے ہیں۔ تنویر احمد سراج احمد ازخود بناء کسی سے ایک روپیہ چندہ و مدد لیے اپنی کمائی میں سے سال بھر ایک مخصوص رقم پس انداز کرتے ہوئے یہ سارے کام انجام دیتے ہیں- اس کام میں انکی اہلیہ اور بچے بھی انکے شانہ بشانہ رہتے ہیں- نا ستائش کی تمنا ناصلے کی پرواہ کے مصداق، اپنے روزانہ کے معمولات اور روزگار سے جڑے رہتے ہوئے یہ خدمت خلق کا کام وہ اپنی خوشی اور یک گونہ سکون کے لیے کرتے رہتے ہیں- راقم نے دو سال قبل ان کے دلکش اسلامک سینٹر پر حاضری لگائی تھی اور ساری باتوں کو جاننے کے بعد اپنے پلیٹ فارم "ادارہ فیضانِ ربانی" کی جانب سے انکی حوصلہ افزائی کے لیے "فیضان ربانی ایوارڈ" تفویض کیا تھا۔ اور آج یہ تفصیلات بھی عوام الناس کے روبرو پیش کرنے کی سعادت حاصل ہوئی مقصد صرف یہی ہیکہ اچھے کام کی تشہیر ہو اور کرنے والوں کو حوصلہ ملے۔ پروردگار عالم ہمارے اچھے کاموں کو قبول فرماۓ اور ہماری نجات کا ذریعہ بناۓ آمین ثم آمین دلکش اسلامک سینٹر پر تعلیم کا نظم، اس سینٹر کے قیام کا مقصد، تنویر دلکش کے احساسات و جذبات، معلمات و طلبہ کے خیالات، اور مفاد عامہ کے کاموں کی ویڈیوز ربانی دی اسکالر یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کی جاسکتی ہیں- 

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے