‎ٹی ای ٹی ‏اسی ‏وقت کامیاب کرنا کیوں ضروری؟ ‏؟ ‏؟ ‏ ‏ڈاکٹر الیاس صدیقی

*ٹی ای ٹی اِسی وقت کامیاب کرنا کیوں ضروری؟* 
*( ڈاکٹر الیاس صدیقی )* 
امتحان کوئی بھی ہو ، طلبہ اِس میں کامیابی پانے کے لئے ہی شریک ہوتے ہیں ۔ اس لئے *’’ اِسی وقت ‘‘* کامیاب کرنے کی شرط آپ کو عجیب لگے گی ۔ لیکن اِس وقت میرے ذہن میں جو اندیشے سر ابھار رہے ہیں ، ان کی بنیاد پر *’’ اِسی وقت کامیاب کرنا ‘‘* مجھے اہم معلوم ہوتا ہے ۔ نئی تعلیمی پالیسی 2020 ء کا بغور مطالعہ کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ پالیسی کے نفاذ کے بعد پری پرائمری سے لے کر بارہویں جماعت تک پڑھانے والے اساتذہ کے لئے صرف ایک تعلیمی لیاقت ہوگی یعنی *Four Years Integrated B.Ed. Degree Course*
  یا دو سال کا بی ایڈ یا ایک سال کا بی ایڈ وغیرہ یہ کورس نہ صرف اساتذہ کو تدریسی تکنیک بلکہ تعلیمی نظریات ، فلسفہ اور نفسیات کے ساتھ ساتھ مختلف اسکولی مضامین کی بہترین معلومات کچھ اس طرح فراہم کرے گا کہ اساتذہ بارہویں جماعت تک تعلیم کی ہر سطح پر تدریس کی مہارت حاصل کرسکیں گے یعنی پری پرائمری سے بارہویں تک ۔ جس طرح گذشتہ دنوں حکومت نے جولائی 2021 ء سے سینئر کالجوں میں اسسٹنٹ پروفیسرس کی تقرری کیلئے پی ایچ ڈی کو لازمی قرار دیا ہے ، ہوسکتا ہے کہ 2024 ء کے بعد ڈی ایڈ ، ڈی ٹی ایڈ اور ڈی ایل ایڈ کی تعلیمی لیاقتیں ختم کرکے صرف مندرجۂ بالا چار سالہ/ دو سالہ / یک سالہ بی ایڈ ڈگری کورس کو ہی باقی رکھا جائے ۔ اُس وقت ڈی ایڈ وغیرہ کی ڈگریاں بے اثر اور بے وقعت ہوکر رہ جائیں گی ۔ مستقبل میں ٹیچرس ایجوکیشن کون سا رُخ اختیار کرے گا نہیں کہا جاسکتا ۔ *مجھے محسوس ہوتا ہے کہ اگر آج کے ڈی ایڈ اساتذہ پرچۂ اوّل میں اور بی ایڈ کے اساتذہ پرچۂ دوّم میں کامیابی حاصل نہیں کرتے تو یہ ان کے لئے بڑے خسارے کی بات ہوگی* ۔ اِس لئے نئی تعلیمی کے نفاذ یعنی *تدریسی تعلیمی لیاقتوں کے بے اثر ہونے سے قبل ٹی ای ٹی میں کامیابی حاصل کرکے مستقبل قریب میں ہونے والی ٹیچر بھرتی میں حصہ لیں اور اپنے لئے کہیں نہ کہیں ، کوئی نہ کوئی تقرری حاصل کرلیں ۔ آپ کامستقبل محفوظ ہوجائے گا۔*
یہ آپ کی زندگی کا نقطۂ عطف *Turning Point* ہے ۔ اِس لئے ٹی ای ٹی کے موجودہ امتحان کو ہلکے انداز سے لینا ، غیر سنجیدگی سے تیاری کرنا ، مواد جمع کرنے میں سستی اور تساہلی سے کام لینا ، تیاری کے لئے کتابیں خریدنے میں بخل سے کام لینا ، سابقہ پرچوں کی پریکٹس نہ کرنا ، یوٹیوب پر موجود سینکڑوں ویڈیوز سے استفادہ نہ کرنا ، نصابی کتابوں اور ان میں دی ہوئی مشقوں پر غور نہ کرنا ، آپ کے لئے بے حد ضرر رساں ثابت ہوگا ۔ *امتحان 31 ؍ اکتوبر 2021 ء کو ہے۔* ممکن ہے کچھ رد وبدل ہو جائے ، اس لئے آئندہ کے جو بھی دن ہیں بے حد اہم ہیں ۔ اِس دوران سخت جدوجہد ، محنت اور کوشش کے ذریعے کامیابی حاصل کرلینا ہی دانشمندی کا تقاضا ہے ۔ 
ایک اور بات بہت سے اساتذہ جو یہ سوچ کر بیٹھے ہیں کہ امتحان آئندہ سال دے لیں گے وہ ایسا نا کریں بلکہ، اللہ کا نام لے کر امتحان کی تیاری میں جٹ جائیں ۔ اگر پیشۂ تدریس اختیار کرنا آپ نے طے کرلیا ہے تو پھر دیر کس بات کی ؟ آنا کانی سے کوئی فائدہ نہیں ۔ میری یہ باتیں آج محض ’’ اندیشے ‘‘ معلوم ہورہی ہیں ، لیکن کل یہ حقیقت میں بدل گئیں تو آپ انشاء اللہ نقصان سے محفوظ رہیں گے ۔ اس لئے تیاری میں لگ جائیے ۔ *کامیابی آپ کے انتظار میں ہے ۔*
آپ کا اپنا
الیاس صدیقی

ایک تبصرہ شائع کریں

1 تبصرے